(55) موسیٰ (علیہ السلام) کی اس عظیم کامیابی اور فرعونیوں کی رسوا کن شکست کے بعد بنی اسرائیل کے نوجوان فرعونیوں سے ڈر اور خوف کے باوجود موسیٰ (علیہ السلام) پر ایمان لے آئے، اور فرعون سے ان کے ڈرنے کی وجہ یہ تھی کہ وہ نہایت متکبر اور ظالم شخص تھا۔ آیات (84، 85، 86) میں ہے کہ جب بنی اسرائیل پر خوف کے آثار ظاہر ہوئے تو موسیٰ (علیہ السلام) نے ان سے کہا کہ اے میری قوم ! اگر تم لوگ اللہ پر ایمان لے آئے یہو، تو پھر اسلام کا تقاضا یہ ہے کہ اسی پر بھروسہ کرو، تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم نے اللہ پر بھروسہ کرلیا، اور دعا کی کہ اے ہمارے رب ! ظالم فرعونیوں کو ہم پر مسلط نہ کر، کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ ہمیں عذاب دے کر دین کی طرف سے آزمائش میں ڈال دیں، اور اپنے رحم و کرم سے ہمیں ان کافروں سے نجات دے۔