(25) نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے کہا گیا ہے کہ وہ کیسا وقت ہوگا جب جہنمی جہنم میں آپس میں جھگڑیں گے اور دنیا میں ان میں سے جو لوگ کمزورت ھے اور طاقت و ثروت والے کافروں کے ڈر سے ان کے پیچھے پیچھے چلتے تھے، ان سے کہیں گے کہ دنیا میں تم نے ہمیں اپنی پیروی کرنے پر مجبور کر رکھا تھا اور تمہیں اپنی قیادت و سیادت پر بڑا ناز تھا تو کیا آج عذاب نار کو ہم سے ہلکا کرسکو گے، کیا آج کچھ بھی ہمارے کام آؤ گے؟ تو متکبرین دنیا جو جہنم کی کھائیوں میں جل رہے ہوں گے کہیں گے کہ تمہارے ساتھ ہم بھی جہنم میں ہیں، اگر آج ہم کچھ بھی کرسکتے تھے تو پہلے اپنے آپ کو بچاتے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے درمیان فیصلہ کردیا ہے، اہل جنت کو جنت میں داخل کردیا ہے اور اہل جہنم کو جہنم میں ڈال دیا ہے اب کسی کے لئے کوئی چارہ کار نہیں ہے۔