بنا بریں فرمایا: {إِنَّ الَّذِينَ عِندَ رَبِّكَ} " وہ لوگ جو آپ کے رب کے پاس ہیں" یعنی اللہ تعالیٰ کے مقرب فرشتے، عرش الٰہی کو اٹھانے والے فرشتے اور اس کے اشراف فرشتے {لَا يَسْتَكْبِرُونَ عَنْ عِبَادَتِهِ } اس کی عبادت سے تکبر نہیں کرتے" بلکہ اس کی عبادت کے لئے سرافگندہ اور اپنے رب کے احکام کے سامنے مطیع ہیں {وَيُسَبِّحُونَهُ} " اور اس کی تسبیح بیان کرتے ہیں۔" رات دن اس کی تسبیح میں مگن رہتے ہیں اور اللہ تعالیٰ پر افترا پردازی نہیں کرتے۔ { وَلَهُ} " اور اس کے لئے" یعنی اللہ وحدہ لاشریک کے لئے { يَسْجُدُونَ } " سجدے کرتے ہیں۔" پس بندوں کو ان ملائکہ کرام کی پیروی کرنی چاہئے اور ہمیشہ اللہ علم والے بادشاہ حقیقی کی عبادت میں مصروف رہنا چاہئے۔