اللہ تبارک و تعالیٰ آگاہ فرماتا ہے کہ اس نے اپنے خلیل ابراہیم علیہ السلام کو فضیلت بخشی اور انہیں فضائل عالیہ اور مناقب کاملہ سے مختص کیا۔ فرمایا: { إِنَّ إِبْرَاهِيمَ كَانَ أُمَّةً } " بے شک ابراہیم ایک امت تھے" یعنی امام، بھلائی کے خصائل کے جامع، ہدایت یافتہ اور راہنما تھے۔ {قَانِتًا لِّلّٰـهِ} " اللہ کے فرماں بردار" اپنے رب کے دائمی مطیع اور اس کے لئے دین کو خالص کرنے والے۔ { حَنِيفًا} " سب سے ایک طرف ہو کر" یعنی محبت، انابت اور عبودیت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ رہنے والے اور ماسوا سے منہ موڑنے والے: {وَلَمْ يَكُ مِنَ الْمُشْرِكِينَ} " اور وہ شرک کرنے والوں میں سے نہ تھے" اپنے قول و عمل اور اپنے تمام احوال میں مشرکین میں سے نہ تھے کیونکہ وہ یک سوموحدین کے امام تھے۔