{فَاِنْ کَانَ لَکُمْ کَیْدٌ} " اگر تمہارے پاس کوئی تدبیر ہو۔" جس کے ذریعے سے تم میری بادشاہت سے باہر نکلنے کی قدرت رکھتے ہو اور میرے عذاب سے بچ سکتے ہو {فَکِیْدُوْنِ} " تو تم میرے خلاف تدبیر کرلو۔ " یعنی تمہیں ایسا کرنے کی قدرت حاصل ہے نہ طاقت جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: { يَامَعْشَرَ الْجِنِّ وَالْإِنْسِ إِنِ اسْتَطَعْتُمْ أَنْ تَنْفُذُوا مِنْ أَقْطَارِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ فَانْفُذُوا لَا تَنْفُذُونَ إِلَّا بِسُلْطَانٍ} الرحمن۔ 33" اے جن وانس کے گروہ ! اگر تم یہ طاقت رکھتے ہو کہ آسمانوں اور زمین کے کناروں سے نکل جاؤ تو نکل بھاگو ، تم طاقت کے بغیر نہیں نکل سکتے۔" اس دن ظالموں کے تمام حیلے باطل ہوجائیں گے ، ان کا مکروفریب ختم ہوجائے گا، وہ اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ عذاب کے حوالے کردیں گے اور ان کی تکذیب میں ان کا جھوٹ، ان کے سامنے صاف ظاہر ہوجائے گا۔