فهرس الكتاب

الصفحة 3466 من 6343

جب اس مثال سے یہ بات واضح ہوگئی کہ جو شخص کسی کو اللہ تعالیٰ کا شریک بناتا ہے، پھر اس کی عبادت کرتا ہے اور اپنے معاملات میں اس پر بھروسہ کرتا ہے، تو وہ حق پر نہیں تو وہ کون سی چیز ہے جو انہیں ایک امر باطل پر اقدام کے لیے آمادہ کرتی ہے جس کا بطلان اس کے لیے واضح اور اس کی دلیل ظاہر ہوچکی ہے؟ یقینًا ان کی خواہشات نفس ان کے اس اقدام کی موجب ہیں، اس لیے فرمایا: {بَلِ اتَّبَعَ الَّذِينَ ظَلَمُوا أَهْوَاءَهُم بِغَيْرِ عِلْمٍ} " مگر جو ظالم ہیں وہ بے سمجھے اپنی خواہشوں کے پیچھے چلتے ہیں۔" ان کے ناقص نفس، جن کا نقص ان امور میں ظاہر ہوچکا ہے جن کا تعلق خواہشات نفس سے ہے، ایسی بات چاہتے ہیں جس کو عقل اور فطرت نے فاسد قرار دے کر رد کردیا ہے۔ ان کے پاس کوئی ایسی دلیل و برہان نہیں جو اس کی طرف ان کی رہنمائی کرتی ہو۔

{فَمَن يَهْدِي مَنْ أَضَلَّ اللّٰـهُ} " پس جسے اللہ گمراہ کردے اسے کون ہدایت دے سکتا ہے؟" یعنی ان کی عدم ہدایت پر تعجب نہ کرو۔ اللہ تعالیٰ نے ان کو ان کے ظلم کی پاداش میں گمراہ کردیا ہے اور جسے اللہ تعالیٰ گمراہ کردے اس کی ہدایت کا کوئی راستہ نہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ کے اقتدار میں کوئی اس کا مدمقابل ہے نہ کوئی مخالف۔ {وَمَا لَهُم مِّن نَّاصِرِينَ} جب وہ عذاب کے مستحق قرار دے دیئے جائیں گے تو کوئی ان کا مددگار نہ ہوگا جو ان کی مدد کرسکے اور ان کے تمام اسباب منقطع ہوجائیں گے۔

حجم الخط:
شارك الصفحة
فيسبوك واتساب تويتر تليجرام انستجرام
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت