{وَلَوْ تَرَىٰ} " اور اگر آپ دیکھیں" یعنی اگر آپ کافروں کو دیکھیں { إِذْ وُقِفُوا عَلَىٰ رَبِّهِمْ ۚ} " جبکہ انہیں ان کے رب کے سامنے کھڑا کیا جائے گا" تو آپ بہت بڑا معاملہ اور بہت ہولناک منظر دیکھیں گے۔ {قَالَ} اللہ تعالیٰ ان کو زجر و توبیخ کرتے ہوئے فرمائے گا: {أَلَيْسَ هَـٰذَا بِالْحَقِّ} " کیا یہ برحق نہیں؟" یعنی وہ عذاب جو تم دیکھ رہے ہو، کیا یہ سچ نہیں؟ {قَالُوا بَلَىٰ وَرَبِّنَا} " وہ کہیں گے کیوں نہیں، قسم ہے ہمارے رب کی !" پس وہ اقرار اور اعتراف کریں گے جبکہ یہ اعتراف انہیں کوئی فائدہ نہ دے گا {قَالَ فَذُوقُوا الْعَذَابَ بِمَا كُنتُمْ تَكْفُرُونَ } " اللہ فرمائے گا: پس چکھو اس عذاب کا مزا جس کا تم انکار کیا کرتے تھے۔ "