{لَّا ظَلِیْلٍ} اس سائے میں ٹھنڈک نہ ہوگی، یعنی اس سائے میں راحت ہوگی نہ اطمینان۔ {وَّلَا یُغْنِیْ } " نہیں کام آئے گا " اس سائے میں ٹھہرنا { مِنَ اللَّہَبِ} " شعلے کے مقابلے میں" بلکہ آگ کا شعلہ اسے دائیں بائیں اور ہر جانب سے گھیر لے گا جیسا کہ اوپر اللہ تعالیٰ نے فرمایا: { لَهُم مِّن فَوْقِهِمْ ظُلَلٌ مِّنَ النَّارِ وَمِن تَحْتِهِمْ ظُلَلٌ } ( الزمر:39؍16) " ان کے اوپر آگ کے سائبان ہوں گے اور ان کے نیچے فرش (آگ کے) ہوں گے۔" اور فرمایا: { لَهُم مِّن جَهَنَّمَ مِهَادٌ وَمِن فَوْقِهِمْ غَوَاشٍ وَكَذَٰلِكَ نَجْزِي الظَّالِمِينَ } ( الاعراف:7؍41) " ان کے نیچے جہنم کی آگ کا بچھونا ہوگا اور اوپر سے اوڑھنا بھی جہنم کی آگ کا ہوگا اور ہم ظالموں کو اسی طرح سزا دیتے ہیں۔"