{وَّلَا یُوْثِقُ وَثَاقَہٗٓ اَحَدٌ} " اور نہ کوئی ویسا جکڑنا جکڑے گا۔ " پس انہیں آگ کی زنجیروں میں باندھا جائے گا اور چہروں کے بل کھولتے ہوئے پانی میں گھسیٹا جائے گا ، پھر آگ میں ان کو جلایا جائے گا ، پس یہی مجرموں کی سزا ہے ۔ وہ شخص جو اللہ تعالیٰ پر ایمان لایا، اسی پر مطمئن ہو اا ور اس نے اس کے رسولوں کی تصدیق کی تو اس سے کہا جائے گا: {یٰٓاَیَّتُہَا النَّفْسُ الْمُطْمَیِٕنَّۃُ} اے اللہ تعالیٰ کے ذکر سے اطمینان اور اس کی محبت میں سکون حاصل کرنے والے نفس! جس کی آنکھیں اللہ تعالیٰ کے ذریعے سے ٹھنڈی ہوتی ہیں۔