اس لئے اللہ تبارک و تعالیٰ نے تفصیل سے بیان کیا ہے کہ وہ دونوں گروہوں کے ساتھ کیا سلوک کرے گا لہٰذا فرمایا: { فَأَمَّا الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ} جو لوگ صحیح طور پر ایمان لائے اور اعمال صالح، یعنی واجبات اور مستحبات پر عمل کے ذریعے سے اپنے ایمان کی تصدیق کی {فَيُدْخِلُهُمْ رَبُّهُمْ فِي رَحْمَتِهِ} " پس ان کو ان کا رب اپنی رحمت میں داخل کرے گا۔" جس کا مقام جنت ہے اور اس میں ہمیشہ رہنے والی نعمتیں اور تکدر سے پاک زندگی ہے۔ { ذٰلِكَ هُوَ الْفَوْزُ الْمُبِينُ } یہی واضح کامیابی، نجات، نفع اور فلاح ہے جو بندے کو جب حاصل ہو تو اسے ہر بھلائی حاصل ہوجاتی ہے اور اس سے ہر برائی دور ہوجاتی ہے۔